نئی دہلی(نیٹ نیوز )سمندری طوفان تاؤتے گجرات سے بھی ٹکرا گیا ، بھارتی ساحلی علاقوں میں تباہی مچ گئی ، 12 افراد ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاستوں کرناٹکا، کیرالا، گوا اورمہاراشٹرا میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں سے مختلف حادثات میں 12 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں،سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں افراد نے نقل مکانی شروع کردی ہے ۔بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’تاؤتے ‘ بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرا گیا،سمندری طوفان ٹکرانے کے باعث بھارتی گجرات میں شدید بارش اور تندوتیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ شدیدبارشوں کے باعث بھارتی گجرات میں گلیاں دریا بن گئیں جب کہ سمندری طوفان کے باعث بھارتی گجرات کے ساحل پر 10 فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات کے ساحل پرطوفان کے باعث ہواؤں کی رفتار 133کلومیٹرفی گھنٹہ ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گجرات سے طوفان ٹکرانے کی کیفیت مزید کئی گھنٹے جاری رہ سکتی ہے ۔