نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت میں مکمل لاک ڈاؤن کے بعد غریب اور مزدور طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے ، روزگار کے خاتمے اور بھوک کے سبب مختلف شہروں سے مزدوری کرنے آئے لوگ اپنے آبائی علاقوں کو لوٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔لاک ڈاؤن کے باعث تمام ٹرانسپورٹ بند ہے اور لوگوں نے پیدل سفر شروع کر دیا ہے ۔احمد آباد میں شاپنگ مال میں کام کرنیوالے ٹھاکرنامی ورکر نے بتایا کہ بھوکا مرنے کے بجائے ہم نے پیدل چلنے کا فیصلہ کیا ہے ، گاؤں میں کھانا تو ہوگا۔ سورت میں تعمیراتی کام کرنیوالا جمارتھوا بھی اہلخانہ سمیت پیدل گھر روانہ ہو گیا،اس نے کہا ہمارے گاؤں میں کم از کم کھانے پینے کا انتظام تو ہوگا، یہاں تو ہمارا کوئی بھی نہیں ہے ۔نئی دہلی کے ایک ڈرائیور بریندر نے کہا گھر والے چاہتے ہیں کہ میں کسی بھی صورت 320کلومیٹر دور واقع اپنے گھر پہنچ جاؤں، میں نے گزشتہ چار دن سے ٹھیک سے کھانا بھی نہیں کھایا، مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ میں کھانے کے بغیر کیا کروں گا۔