نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت کے ایک رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جنہوں نے رواں برس کے اوائل میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گجرات آمد کے موقع پرمودی کی جانب سے پرہجوم استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا اور جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی وہیں سے کورونا وائرس پھیلا ہے ۔ایک مراٹھی اخبار میں لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دوست ٹرمپ کے لیے منعقدہ اس استقبالیہ تقریب کی وجہ سے گجرات میں کورونا وائرس پھیلا ہے ۔خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے رواں برس 24 اور 25 فروری کو بھارت کا 2 روزہ دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک بڑے اسٹیڈیم میں ان کے لیے استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں لاکھوں لوگوں کو جمع کیا گیا تھا اور نمستے ٹرمپ کے نعرے لگوائے گئے تھے ۔اس جلسے سے وزیر اعظم نریندر مودی اور ٹرمپ نے خطاب کیا تھا۔