برمنگھم(این این آئی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم اور وزیردفاع کی دھمکیوں اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے بعد پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کیلئے اپنے دفاع اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حقوق کیلئے جنگ کی تیاری کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ،ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی لیکن اگر بھارتی حکمران جنگ کا انتخاب کر چکے ہیں تو اپنی بقا کی جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔برمنگھم میں ممتاز روحانی پیشوا پیر نور العارفین کی جانب سے منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر بھارت نے آزاد کشمیر یا پاکستان پر حملہ کرنے کی حماقت کی تو اسے مہنگی قیمت ادا کرنا پڑیگی۔ انہوں نے برطانیہ کی کشمیری، پاکستانی کمیونٹی اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ بھارت کیخلاف سفری اور اقتصادی بائیکاٹ کی مہم شروع کریں۔تقریب سے سجادہ نشین نیریاں شریف پیر نورالعارفین، پاکستانی قونصل جنرل احمر اسماعیل،ڈاکٹر رنجیت سنگھ، لارڈز نذیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں دو مزید برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی مذمت کی ہے ۔ میٹ روڈہ اور فلپس لی نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا اب دنیا کو کشمیریوں کی بات سننا پڑیگی اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانا ہوگا۔کانفرنس میں شریک صدرسردار مسعود خان نے دونوں ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔