اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی) یورپی یونین ڈس انفو لیب نے ایک بار پھر پاکستان کیخلاف بھارتی منفی پروپیگنڈے اور سائبر وار کا پول کھول دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ای یو ڈس انفو لیب کی حالیہ رپورٹ میں تمام حقائق بیان کردئیے گئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کے پاکستان مخالف فیک نیوز، جعلی میڈیا سائٹس کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے ، ایک ریاست انٹرنیٹ اور میڈیا کو ایک ملک کے خلاف استعمال کر رہی ہے ، ہم اس حوالے سے معاملے کو تمام ممکنہ پلیٹ فارمز پر اٹھائیں گے ، بھارت خطے میں عدم استحکام کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے ۔زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے ، ہماری مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کامنہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں، ہماری افواج ہمہ وقت چوکنا ہیں۔ اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ روسی فیڈریشن نے اسپتنک فائیو اینٹی کوویڈ ویکسین کی پیشکش کی ہے ، حکومت کی کوشش ہے کوویڈ 19 ویکسین مناسب نرخ پرجلد دستیاب ہو۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان خطے میں امن و استحکام خواہاں ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے امریکا کی جانب سے مذہبی آزادی کیخلاف ممالک میں پاکستان کو شامل کرنے کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست کومخصوص قرار دیتا ہے ، اس حوالے سے باقاعدہ طور پر معاملے کو امریکی انتظامیہ سے اٹھایا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ پرامن، اجتماعیت کے حامل اور منصفانہ معاشروں کی تشکیل کے اجتماعی انسانی نظریات کا مظہر ہے ۔ ہم اس دستاویز میں پاکستان کی نمائندہ بیگم شائستہ اکرام اﷲ کے ناقابل فراموش نقوش پر فخر کرتے ہیں۔ وہ اس منتخب گروپ میں شامل تھیں جس نے انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ تیار کیاتھا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف سنگین جرائم کے ارتکاب پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے ۔