عدیس ابابا(نیٹ نیوز) ناموربالی ووڈ اداکارہ اور یونیسف کی خیرسگالی سفیرپریانکا چوپڑا ایتھوپیا میں موجود مہاجرین بچوں کے مسائل اجاگر کرنے میں مصروف اور مداحوں کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کررہی ہیں۔ بھارت کے بچوں کو نظرانداز کرکے دنیا بھر کے بچوں کی خیرخواہ بننے پر اداکارہ کے مداح پریانکا چوپڑا پر برس پڑے ۔ ایک مداح نے سوال پوچھتے ہوئے کہا آپ اچھا کام کررہی ہیں لیکن آپ کا اپنے ملک کے بارے میں کیا خیال ہے ؟ آپ بھارت کے غریب لوگوں کے لیے کیا کررہی ہیں؟ مداحوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال پر پریانکا نے اپنی خجالت مٹاتے ہوئے گول مول جواب دیتے ہوئے کہا بچے بچے ہوتے ہیں، ہم سب گلوبل شہری (سرحدوں سے آزاد شہری) ہیں اور ہمیں دنیا میں موجود تمام بچوں کے مستقبل کی فکر کرنی چاہئے ۔پریانکا نے مزید کہا میں یونیسیف انڈیا کے ساتھ پچھلے کئی برس سے کام کررہی ہوں اورآگے بھی کرتی رہوں گی۔