کراچی ،لاڑکانہ( سٹاف رپورٹر،92 نیوز) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کل جمعہ29اکتوبرکوملک بھرکے اضلاع میں جیالے معاشی قتل عام کے خلاف میدان میں نکلیں گے ،اگر اسمبلیوں میں تحریک عدم اعتمادپیش ہوئی تویہ حکومت نہیں بچے گی۔یہ بات انہوں نے لاڑکانہ یونین کمیٹی16کے محلہ مرادواہن میں دیرینہ جیالے مرحوم حاجی عیدن خان بھٹو کی آبائی رہائش گاہ آمد کے موقع پر گفتگو اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حاجی عیدن خان بھٹو کے انتقال پر ان کے صاحبزادے کرم اللہ بھٹوجبکہ غلام حیدربھٹو کے انتقال پر ان کے صاحبزادے جمن بھٹو سے بھی تعزیت کی ۔بلاول بھٹو نے کہاکہ ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی کہ جتنی آج ہے ،موجودہ حکومت عوام کو مزید مشکلات کے حوالے کررہی ہے ، فرنٹیئر کانسٹبلری کے 2سپاہیوں کی شہادت افسوسناک ہے ۔