اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، خبرنگار، این این آئی، صباح نیوز)تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں کا بھرپور آغاز کردیا گیا ۔مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے صوبائی صدور کو خصوصی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے 7روز میں ڈویژنل پارلیمانی بورڈ کی تشکیل مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے فوری طور پر عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کی ہے ، اسد عمرنے کہا کہ انتخابات کے اعلان کے بعد انتخابات کے مطالبات کرنے والوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئین سے ہٹ کرکچھ کرنا ہماری حکمت عملی نہیں۔بات ہورہی ہے کہ مراسلہ جعلی ہے یادفترخارجہ میں بنوایاگیا،میں آج بھی کہہ رہاہوں کہ ان کامؤقف درست نہیں،وہ اسٹیٹمنٹ اورمراسلہ حقائق پرمبنی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہاہے پاکستان میں استحکام آنا چاہیے ، جتنا عدالت میں معاملہ طویل ہوگا اتنا عدم استحکام بڑھے گا، استحکام کی طرف جانے کا واحد طریقہ انتخابات ہیں۔ اب ہر یوٹیوب پر ویڈیو بنانے والا بندہ صحافی بنا پھرتا ہے ، میں نے مطیع اﷲ جان سے کہا ایک خاتون اینکر کو آپ نے گالیاں دی تھیں، اس خاتون اینکر سے پہلے معافی مانگیں پھر میں جواب دوں گا،تین سال سے فرح خان کا اگر مریم نواز کو پتہ تھا تو آپ نے کیوں ثبوت چھپائے رکھے ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ شہباز شریف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس لیے نہیں آئے کہ انہیں خط کے مندرجات کا علم تھا۔دریں اثنااسد عمر نے کہا کہ جب کمیشن بنے گا تو ہمارے ایم این ایز گواہی دیں گے کہ کس نے انہیں کتنی آفر کی، سپیکر کی رولنگ میں کوئی آرٹیکل 6کا ذکر نہیں ہے ۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اتوار کے بعد آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے ، ہر پاکستانی کو اس وقت پریشانی ضرور ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں کسی کو معلوم نہیں ،بیرون ملک لوگوں کو معلوم تھا عدم اعتماد آرہی ہے ،چھانگا مانگا کی سیاست ختم ہونی چاہی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں ،یہ کیس پاکستان آزاد خارجہ پالیسی کا کیس ہے ۔