بیجنگ(این این آئی) شمال مشرقی چین کے شہر تیانجن میں ختم ہونیوالی ہیلی کاپٹروں کی پانچویں سالانہ نمائش میں چینی دفاعی اداروں کی جانب سے ایک جدید ترین پروٹوٹائپ ہیلی کاپٹر کے ماڈل کی بھی نمائش کی گئی جو اگلے سال 2020ء میں پہلی آزمائشی پرواز کرے گا۔اس عجیب و غریب ہیلی کاپٹر کو ’’سپر گریٹ وائٹ شارک‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔چینی حکومت کی نمائندہ انگریزی ویب سائٹ ’’گلوبل ٹائمز‘‘ پر اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ سپر گریٹ وائٹ شارک مکمل طور پر گول نہیں بلکہ بیضوی ہیلی کاپٹر ہے جس کی لمبائی 7.6 میٹر اور چوڑائی 2.85 میٹر ہے ۔اس کے بالکل درمیان میں ایک کاک پٹ ہے جس میں دو پائلٹوں کے بیٹھنے کی جگہ ہے ۔ یہ عموداً یعنی بالکل سیدھا اڑان بھرنے اور زمین پر اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، اس میں دو اضافی ٹربو جیٹ انجن بھی لگائے گئے ہیں جن کی مدد سے یہ 650 کلومیٹر فی گھنٹہ جیسی زبردست رفتار سے سفر کرسکتا ہے ۔اسے فضا سے زمین اور فضا سے سمندر میں مار کرنے والے میزائیلوں،مشین گنوں سمیت کئی طرح کے جدید اور خطرناک ہتھیاروں سے بھی لیس کیا جاسکتا ہے ۔چینی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے جدید ترین جنگی ہیلی کاپٹروں کے ہم پلہ ہے ۔