لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی20 سیریز کا تیسرا میچ مستقل بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا اور ٹی20 سیریز میں 2-0ی فتح کی بدولت پاکستان نے عالمی نمبر ایک پوزیشن بھی برقرار رکھی۔بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کا تیسرا میچ بھی لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا لیکن لاہور میں صبح سے جاری مسلسل بارش کے سبب میچ کا ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا۔اس دوران امپائرز نے کئی مرتبہ گراؤنڈ کا رخ کیا لیکن تواتر کے ساتھ جاری بارش کے سبب میچ شروع ہونے کا امکان پیدا نہ ہو سکا۔بالآخر بارش نہ رکنے کے بعد امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتان اور میچ ریفری سے مشاورت کے بعد میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے بطور کپتان پہلی سیریز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بابر اعظم اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ سے تقویت پاتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کر کے سیریز بھی اپنے نام کر لی تھی۔میچ بارش کی نذر ہونے اور سیریز میں 2-0کی فتح کی بدولت پاکستان کی ٹیم عالمی نمبر ایک پوزیشن بھی برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان 270پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، آسٹریلیا 269پوائنٹس کیساتھ دوسرے ، انگلینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔