کراچی (سپورٹس رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشن آزادی انوی ٹیشن ہاکی لیگ 2018ء کے تیسرے دن کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی واٹر بورڈ کی ٹیم نے پولیس کو 2-1 سے شکست دے دی ۔دوسرا میچ کے ڈی اے اور کسٹم کے درمیان میچ 1-1 سے برابر رہا۔ ان میچز کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سینٹرل ذوالفقار خشک تھے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جہاں بھی قبضہ مافیا نے کھیلوں کے گراؤنڈ پر قبضہ کیا ہے وہاں قبضے چھڑواکر ان گراؤنڈز کو کھیلوں کیلئے وقف کریں تاکہ نئی نسل کھیلوں کی جانب راغب ہوسکے ۔ معزز مہمان خصوصی کا ٹیموں سے تعارف کرایا گیا ۔پہلے میچ میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور پولیس کے درمیان میچ ہوا جس میں کراچی واٹر بورڈ ہاکی ٹیم نے پولیس ہاکی ٹیم کو 2-1 سے ہرا دیا۔ کراچی واٹر بورڈ کی جانب سے طحہ صدیقی نے نویں اور علی حسن نے 21ویں منٹ میں ایک، ایک گول کیا۔ پولیس کا واحد گول سلطان محمود نے اسکور کیا۔ دوسرا میچ کے ڈی اے اور کسٹم کے درمیان کھیلا گیا جو 1-1 سے برابر رہا۔ میچ میں کے ڈی اے کی جانب حنین خالد نے 11ویں منٹ میں گول اسکور کیا جبکہ کسٹم کی طرف سے 17ویں منٹ میں عمران خان نے گول بنا کر میچ برابر کردیا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر کے ڈی اے خرم عارف تھے ۔ اس موقع اولمپئن سمیع اﷲ، اولمپئن حنیف خان،اولمپئن وسیم فیروز ،کے ڈی اے ڈائریکٹر اسپورٹس عبدالناصر ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز منشی،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن شکیل صدیقی،کے ایچ اے چیئرمین اور سندھ ہاکی ایسو سی ایشن کے سیکریٹری گلفراز احمد خان،کے ایچ اے سیکریٹری حیدر حسین ،ٹیکنیکل آفیشلز راؤ جاوید اور عبدالمعید تھے ۔