لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی جنرل کونسل کا چوبیسواں اجلاس گزشتہ روز نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں منعقد ہوا جس میں فرنچائزز مالکان اور پی سی بی آفیشلز کے درمیان فنانشل ماڈل سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارات چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کی۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے نمائندے اجلاس میں موجود تھے جبکہ دیگر چار فرنچائز کے آفیشلز نے ورچوئل شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی ترقی اور اس کے فروغ میں اہم حصہ ڈالنے پر فرنچائزز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے فرنچائز مالکان کو یقین دلایا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے برانڈ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔رمیز راجہ نے ٹیم مالکان کویہ یقین بھی دلایا ہے کہ وہ انہیں درپیش چیلنجز کو سمجھتے ہیں اوروہ اس سلسلے میں ان کے ساتھ مل کرکام کریں گے ۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کا آئندہ اجلاس 27 ستمبر بروز پیرکو منعقد ہوگا۔