جوہانسبرگ ( سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقی ٹیم کے ایک کھلاڑی کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کو ٹاس سے محض ایک گھنٹہ قبل ملتوی کردیا گیا۔جنوبی افریقی ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا اور اس بات کا عندیا ملا کہ ٹی20 میچوں کے دوران کھلاڑیوں نے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی۔گزشتہ دوپہر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ کیے گئے تاکہ سیریز کا اتوار کو آغاز ہو سکے ۔کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹیموں، میچ ریفری اور میچ سے منسلک دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کرکٹ جنوبی افریقہ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کگندری گوویندر کے ساتھ ساتھ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن نے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کو اتوار کو ملتوی کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔اب جنوبی افریقہ اور انگلش کرکٹ بورڈز نے سیریز کے اگلے تینوں میچز بالترتیب اتوار، پیر اور بدھ کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جب جنوبی افریقی بورڈ کے قائم مقام سربراہ سے پوچھا گیا کہ اگر مزید مثبت کیسز آئے تو سیریز کا انعقاد ہو گا یا نہیں تو انہوں نے کوئی حتمی جواب دیے بغیر کہا کہ اس بارے میں فیصلہ طبی ماہرین سے مشورے کے بعد کیا جائے گا۔