لاہور(احتشام الحق) قومی کھیل ہاکی کی ترقی کے لیے لاہور میں بنائے جانے والاجوہرٹاؤن ہاکی سٹیڈیم مالی بحران کے بعد بے یارو مددگار ہو گیا، درجن بھر ملازمین گذشتہ پندہ ماہ سے تنخواہ سے محروم جبکہ سٹیڈیم کا اکاونٹ بھی خالی ہو گیا، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے چلنے والے سٹیڈیم کو 2016کے بعد کوئی فندز جاری نہیں کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سابقہ دور حکومت میں بنایا جانے والا جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی ملکیت ہے جبکہ سٹیڈیم کے معاملات کو چلانے کے 2013ء میں مینجمنٹ کمیٹی بنائی گئی تھی جسے ایل ڈی اے کی جانب سے سالانہ گرانٹ بھی جاری کی جاتی رہی تاہم 2016کے بعد سے سالانہ گرانٹ بند کر دی گئی ہے ۔ ایل ڈی اے کی جانب سے ملنے والی سالانہ گرانٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدن کا متعدد بار آڈٹ بھی کرایا گیا لیکن اس کے باوجود بھی حکام نے سٹیڈیم کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا۔ سٹاف کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی جانب سے ہاکی سٹیڈیم جوہر ٹاون کی مینجمنٹ کو کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ سپانسر شپ سے سٹیڈیم کے معاملات چلائے جائیں۔ ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، جس کی بنا پر سٹیڈیم میں کسی قسم کا کوئی ہاکی کیمپ نہیں لگایا جا رہا ہے ۔