کوالالمپور (نیٹ نیوز) انڈونیشیا کی ایک لڑکی نے طیارہ حادثے میں مرنے والے اپنے منگیتر کی آخری خواہش کا احترام کرتے ہوئے دلہن کا لباس پہن کر فوٹو شوٹ کرایا۔ انتن سیاری اور ریو نندا پرتما کی شادی 11 نومبر کو ہونی تھی۔پرتما شادی کیلئے آ رہا تھا جب اس کا جہاز جکارتہ سے اڑان بھرنے کچھ دیر بعد ہی سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔سیاری نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا وہ اپنے منگیتر کی آخری خواہش پوری کرنا چاہتی ہے ، اس لئے اس نے عروسی لباس اور شادی کی انگوٹھی پہن کر تصویریں بنوائیں۔اگرچہ میں غمزدہ ہوں لیکن پھر بھی مجھے مسکرانا پڑ رہا ہے ،مجھے افسردہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ مضبوط ہونا چاہئے جیسے تم مجھے ہمیشہ کہتے تھے ۔ سیاری نے بتایا کہ پرتما نے جہاز پر سوار ہونے سے قبل مذاق کرتے ہوئے کہا تھا اگر مجھے دیر ہو جائے اور وقت پر نہ پہنچ سکوں تو تم پھر بھی شادی کا جوڑا پہننا،خوبصورت میک اپ کرنا، سفید گلاب منگوانا، اچھی تصویریں بنوانا اور مجھے بھیجنا۔