لاہور،اسلام آباد،ملتان(کامرس رپورٹر، سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیر دفاع پرویزخٹک نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے تحریک عدم اعتمادپر تفصیلی گفتگوکی اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ طارق بشیر چیمہ نے پارٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزرا نے کہا وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کرینگے ۔پرویز الٰہی نے کہاملاقات پرچوہدری شجاعت کو اعتماد میں لیں گے ۔وفاقی وزرا نے ملاقات کے بعد میڈیا سے باقاعدہ گفتگو نہیں کی ۔ صحافیوں نے چلتے چلتے سوالات کئے ۔ شاہ محمودنے کہاملاقات زبردست رہی ۔چوہدری برادران کے خالی ہاتھ لوٹانے کے سوال پر شاہ محمود نے کہا اﷲ نے ہمیں کبھی خالی ہاتھ نہیں لوٹایا ۔ عمران حکومت کا پتا کٹ جانے کے سوال پر پرویز خٹک نے کہااﷲ نہ کر ے ۔ پرویز الٰہی نے کہا معاملات اتنے سیدھے نہیں جتنے لگ رہے ہیں، سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہوگا، صرف ڈرامے کے کردار تبدیل ہونگے ، ہانڈی آدھی بٹ چکی، آدھی بانٹی جارہی ہے ۔طارق بشیر چیمہ نے کہا ہمارے آپشنز محدود ،اسی ماہ فیصلہ کر لیں گے ۔ شاہ محمود قریشی ، اسد عمر اورپرویز خٹک پر مشتمل حکومتی وفد نے اسلام آباد میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں خالد مگسی، زبیدہ جلال ودیگر سے بھی ملاقات کی اوروزیر اعظم کا اہم پیغام پہنچایا۔اسلام آباداور ویڈیو لنک سے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا جنوبی پنجاب ملک کا ایک اور صوبہ بننے جا رہا،عمران خان تحریک عدم اعتمادمیں جیت چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم و فدکی ملاقات موخرہوگئی جس کے بعدحکومتی وفد نے ایم کیوایم رہنمائوں خالد مقبول، امین الحق، وسیم اختر اور عامر خان سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی،گورنرسندھ اوراسدعمرنے وزیراعظم کاپیغام پہنچایا۔