لاہور ،گوجرانوالہ ، راولپنڈی، کراچی (کرائم رپورٹر ،رپورٹر 92 نیوز،ایجنسیاں، 92 نیوز رپورٹ ) صدرمملکت عارف علوی سے اہل سنت جماعتوں کے علما مشائخ اوراکابرین کے وفدنے ملاقات کی، وزیر مذہبی امور کی قیادت میں وفدنے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں موجودہ صورتحال کے پرامن حل اورتصفیے کیلئے مختلف تجاویزپرتبادلہ خیال کیاگیا، کالعدم ٹی ایل پی کا مارچ وزیرآباد کے قریب پہنچ گیا ،شہر کو جانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق صدر ،علما کی ملاقات کے اعلامیہ میں کہاگیاکہ معاملے کے حل کیلئے مذاکرات اورگفت و شنیدکی راہ اپنائی جائے ،تشددسے عوام کے جان و مال کونقصان پہنچ رہاہے ،تشددسے ملک اور دین اسلام کاامیج بھی متاثرہوگا،علمانے موجودصورتحال کے پرامن حل کیلئے اپنے تعاون اورخدمات کی پیشکش کی، صدرمملکت نے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کہا علمانے ہرمشکل وقت میں ریاست کاساتھ دیا،موجودہ حکومت نے حرمت رسول ﷺ کے تحفظ کیلئے عالمی فورمزپرآوازاٹھائی ،علمائے کرام موجودہ صورتحال کے حل کیلئے اپنامثبت کرداراداکریں۔ چناب پل پر رکاوٹیں رکھ دی گئیں اور اطراف میں خندقیں بھی کھود دی گئیں، اس کے علاوہ وزیرآباد سے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ جانے والے راستے بھی رکاوٹیں لگا کر بند کردئیے گئے جبکہ شاہدرہ چوک اور روڈ بلاک کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری کے حکم پر تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کر کے کالعدم تنظیم کے 23کارکنوں کو گرفتارکرکے انہیں حوالات بندکردیا گیا ، کالعدم تنظیم کے احتجاج سے نمٹنے اور پیشگی انتظامات کو ضلع راولپنڈی میں حتمی شکل دے دی گئی ہے ، راولپنڈی میں غیر یقینی صورتحال ایک ہفتے سے برقرار ہے ۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے 32 ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے جو جعلی سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے نفرت انگیز پروپیگنڈا کر رہے تھے ۔