لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ میں شامل مزید ایک رکن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی۔ اب تک پہلے ، تیسرے اور چھٹے روز ہونے والی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ میں قومی سکواڈ کے 53 میں سے 8 ارکان کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آچکی ہے ۔ چھٹے روز لئے گئے سیمپلز میں سے تین کے نتائج روکے گئے تھے اور ان کے کورونا ہسٹاریکل ہونے بارے تحقیقات جاری تھیں اور اب ان میں سے ایک کے سیمپل کا نتیجہ مثبت آ گیا ہے جبکہ دیگر دو ارکان ابھی تک آبزرویشن میں ہیںَ۔ آٹھ ارکان میں سے دو ارکان کو انفیکشن سے پاک قرار دیتے ہوئے پہلے ہیسکواڈ میں شامل ہو نے کی اجازت دی جا چکی ہے اور اب وہ دونوں ارکان سکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ اُسی منزل پر اپنی آئسولیشن کی مدت پوری کررہے ہیں۔ آج نویں روزجمعرات کو ارکان کے چوتھے سیمپل لئے جائیں گے ۔ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ میں جن ارکان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئیں گے ، انہیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد اپنی آئسولیشن کی بقیہ مدت میں ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان ہے ۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹیووسیم خان کا کہناہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نہیں بلکہ نیوزی لینڈ حکومت کورونا معامالات دیکھ رہی ہے ، نیوزی لینڈ حکومت کی کورونا وائرس کے حوالے سے زیرو ٹالیرینس ہے ۔وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ عالمی وبا کوروناوائرس کے حوالے سے نیوزی لینڈحکومت کسی بھی قسم کا کسی کو اسپیشل اسٹیٹس نہیں دیتے ، جب لوگ سفر کرتے ہیں تو دوران سفر بھی کورونا وائرس لگ سکتا ہے ۔نیوزی لینڈ، ۔ وسیم خان نے کہا ہے کہ روانگی سے قبل ٹیم کے شوکت خانم اسپتال میں دو ٹیسٹ ہوئے جو بہترین معیار کے ہیں، نیوزی لینڈ میں چونکہ ایک بھی کیس نہیں اس لیے وہ ایڈیشنل ٹیسٹ کرتے ہیں۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ میری بابراعظم سے بات ہوئی ہے کہ کھلاڑی پریکٹس مانگ رہے ہیں، ہم امید کر رہے ہیں کہ چوتھے ٹیسٹ میں مثبت کیسز منفی آجائیں گے ۔