فیصل آباد، لندن ( خصوصی رپورٹر،مانٹرنگ ڈیسک)92 نیوز نے عابد باکسر کے بعد ایک اورپولیس کے سابق سب انسپکٹر کو ڈھونڈ نکالا،سابق وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کی جانب سے فیصل آباد میں غیر قانونی طریقے سے لوگوں کو قتل کرائے جانے کے الزامات کے حوالے سے ایک اہم بریک تھرو ہوا ہے ، جعلی پولیس مقابلوں کے حوالے بڑی شہرت پانے والے سابق سب انسپکٹر پولیس رانا فرخ وحید کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں اس نے اہم انکشافات کئے ہیں، فرخ وحید نے اپنے اس بیان میں اعتراف کیا کہ سابق وزیر قانون رانا ثناء اﷲ جو کہ بہت بڑے قاتل اور انسانیت کے دشمن ہیں،انہوں نے پچھلے کچھ سالوں میں اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر کئی افراد کو قتل کرا چکا ہے ۔ فرخ وحید نے اپنے اس ویڈیو بیان میں کہا کہ رانا ثناء اﷲ نے نو جنوری دو ہزار پندرہ کو مسلم لیگی رہنما اصغر علی المعروف بھولا گجر کو اپنے ایک خاص آدمی نوید کمانڈو کے ذریعے قتل کرایا اور اس بات کا اعتراف خود نوید کمانڈو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اپنے بیان میں کرچکا ہے ، اس کے علاوہ بھی نوید کمانڈو کے ذریعے کئی افراد کو قتل کرایا، فرخ وحید کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اﷲ نے اس سے جو کام کرائے ان کا پردہ چاک ہونے کے ڈر سے نوید کمانڈو کے ذریعے اسے بھی قتل کرانے کا منصوبہ بنایا جس کا اسے علم ہوگیا اور وہ بیرون ملک آ گیا، فرخ وحید کا کہنا ہے کہ وہ اب مزید خاموش نہیں رہ سکتا اس شیطان نما انسان کا اصل چہرہ لوگوں کے سامنے لانے کی خاطر وہ جلد پاکستان واپس آ رہا ہے تاکہ اس شہر اور صوبے کو ایسے انسان سے نجات دلاسکوں۔ اس کا کہنا ہے کہ اب اگر اسے یا اس کی فیملی کا کوئی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار بھی رانا ثناء اﷲ ہی ہوگا، فرخ وحید نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ اسے جانی تحفظ اور ایک اعلی سطحی تحقیقاتی کمشن تشکیل دیا جائے جس کے سامنے وہ اس حوالے سے تمام ثبوت رکھ سکے ۔ 92نیوز کے نمائندہ غلام حسین سے لندن میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل آباد پولیس کے سابق سب انسپکٹرفرخ وحید نے انکشاف کیا کہ رانا ثنااﷲ نے مجھ سے بھی بہت قتل کروائے ۔رانا ثنااﷲ مجھے ڈائریکٹ آرڈر دیتا تھااوروہ یہ آرڈرز کسی طریقے سے دیتاہوگا اس کے موبائل کی سی ڈی آر لے لیں یا پھر میرے موبائل کی سی ڈی آر لے لیں اس سے پتہ چل جائے گا کہ اس نے فون پر کیا کہا اور مجھے کیا پیغامات دیئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رانا ثنااﷲ مجھے ڈائریکٹ فون کرتا تھا کیونکہ مجھ سے اس کا تعلق تھا ورنہ ایک وزیر قانون کا ایس ایچ او کو فون کرنے کا کوئی کام نہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ انکوائری کمیشن بنائیں جس میں یہ ساری باتیں اور ثبوت پیش کرونگا۔ جب عمران خان اورطاہرالقادری کا دھرنا ختم ہوا تو مجھے ایک اعلی افسر نے جنوری 2015 کو مجھے بلایا اورمجھے کہا کہ وزیراعظم ہائوس سے فواد حسن فواد کا فون آیا ہے کہ مجھے کلوز ٹو لائن کردیا جائے اورمزید کسی جگہ پر پوسٹنگ نہ کی جائے اس دوران میں نے چھٹی اپلائی کی اوراسی دوران بھولا گجر قتل ہوگیا مجھے چھٹی مل گئی اورمیں عمرے کے لئے باہر آگیا۔ اس دوران مجھے یہ پتہ چلا کہ رانا ثنااﷲ مجھے بھی قتل کرانا چاہتا ہے میں خاموش رہا اورکسی سے بات نہیں کی۔ کیونکہ میں نے جوزنا کا پرچہ دیا تھا اس میں میا ں فاروق ایم این اے کے بیٹے ہی نامزد تھے لیکن فیصل آباد کے دو اورایم این اے بھی تھے جن کا ایک ایک بیٹا بھی شامل تھا اور ایک ایم این اے خودتھا جو اس وقت ایم این اے طلال چودھری تھا جووقوعہ کے وقت موجود تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب اعلی افسران ان لڑکیوں کومیڈیکل نہ کرانے پر راضی کررہے تھے جو اس وقت سریناہوٹل میں موجود تھے ان میں طلال چودھری بھی تھے ان کے موبائل کی ویڈیو اگر لی جائے تو سب پتہ چل جائے گا۔ جو بھی حقیقت ہوگی میں اس کمیشن کو بتائوں گا اوراگرمیں نے بھی خلاف قانون کام کئے تو میں بھی قانون کی زد میں آئوں گا۔ادھرفرخ وحید کے بیان سے رانا ثنااﷲ کی انتخابی مہم کا دھڑن تختہ ہوگیا۔ الیکشن کمپین کے سلسلے میں جہاں بھی گئے آگے سے انہیں ایک ہی سوال سننے کو ملاکہ رانا صاحب آپ نے یہ بندے کیوں مروائے ؟ ۔فیصل آباد میں فر خ وحید کی ویڈیو منظر عام پر آ نے کے بعد پولیس میں کھلبلی مچ گئی۔ ماضی میں فرخ وحید کی بندے مار ٹیم میں شامل پولیس ملازمین تشویش کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنے بچاؤ کیلئے اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔فیصل آباد میں فر خ وحید کی ویڈیو منظر عام پر آ نے کے بعد پولیس میں کھلبلی مچ گئی۔ ماضی میں فرخ وحید کی بندے مار ٹیم میں شامل پولیس ملازمین تشویش کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنے بچاؤ کیلئے اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ۔