اسلام آباد،لاہور،نیو یارک(سپیشل رپورٹر، نامہ نگار،بیورورپورٹ،این این آئی) ترک صدر رجب طیب اردوان کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس سے دبنگ خطاب اور کشمیر پر جاندار موقف اپنانے پر بھارت سیخ پا ہوگیا جبکہ پاکستان کی سیاسی قیادت نے خوشی اور تشکر کااظہار کیا ہے ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ ترک صدر نے دنیا کو کشمیریوں کے حقوق اور اقوام متحدہ کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کا وعدہ یاد دلایا۔پاکستان اپنی برادر ترک قوم کا تہہ دل سے شکر گزار ہے ،انہوں نے کہاکہ ترک قوم کا مسئلہ کشمیر کیلئے عزم اور ثابت قدمی دیدنی ہے ۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ترک صدر نے ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کی بھرپور حمایت کی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ ر اورمسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ترکی کے صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری انہیں اپنے عظیم دوست کی حیثیت سے یاد رکھیں گے ۔ جس نے دنیا کے ہر فورم پر ان کے حق خودارادیت کی وکالت کی۔ادھر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امور سے متعلق انکے دلیرانہ بیان اور جموں و کشمیر کیلئے واضح حمایت کی پاکستان مکمل تائید کرتا ہے ۔ادھر اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب ٹی ایس ترومورتی نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اندرونی معاملات میں ترکی کی مداخلت قطعی طور پر ناقابل قبول ہے