اسلام آباد، مظفر آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک صباح نیوز ) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سردار تنویر الیاس بلامقابلہ آزاد کشمیر کے 14ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے اور عہدے کا حلف اٹھالیا جبکہ متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا جس کے باعث پی ٹی آئی امیدوار کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا۔ دریں اثناسردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف کے بعد چیف سیکرٹری شکیل خان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ تقریب حلف برداری میں دو وزرا نے بھی اپنے عہدوں کا حلف لیا جن میں خواجہ فاروق احمد اور چودھری اخلاق شامل ہیں۔نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے قانون ساز اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ اقتدار اﷲ تعالیٰ کی امانت ہے افسوس ہے کہ سابق وزیراعظم نے 27ار ب روپے کی خرد برد کی،رمضان المبارک میں بھی ہاتھ صاف کیے اور سبسڈی کے نام پر غریب عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے ریاست میں فوری انقلابی اقدامات کا اعلان کیا۔