اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین سفیر اندرولا کمینارا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق گزشتہ روز جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات میں پاکستان اور یورپین یونین کے مابین تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کیساتھ اپنے تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے ۔ یورپین یونین کیساتھ باہمی مفاد پر مبنی مفید کثیرالجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔اس موقع پر یورپی یونین سفیر اندرولا کمینارا نے کہا کہ پاکستان نے افغان صورتحال، غیرملکیوں کے انخلا میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان کا علاقائی استحکام میں کردار قابل قدر ہے ۔ پاکستان کیساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے پرعزم ہیں۔