کیف، ماسکو، واشنگٹن، لندن( نیوز ایجنسیاں ) یوکرینی فوج نے روس کے متعدد حملے ناکام بنا دیئے ۔برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی افواج نے روس کی جانب سے ملک کے مشرقی حصے میں کیے جانے والے کئی تازہ حملے ناکام بنا دیئے ۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ جنگ کے حوالے سے مشکل رہے گا۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ایک بار پھر مغرب سے روس پر عائد پابندیوں کو مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی خام تیل پر پابندیاں عائد کرنا لازمی ہیں۔ دوسری جانب یورپی یونین کے وزرائے خارجہ پیر کو روسی تیل یا گیس پر پابندی کے کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام رہے ۔ متعدد یورپی ممالک نے اپنے ہاں روسی سفارت کاروں کو بے دخل کر دیا ہے ۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں جاری اپنی فوجی مہم کے ’عظیم مقاصد‘ حاصل کر لیں گے ۔ پوٹن نے مزید کہا کہ ملک کی حفاظت اور یوکرین میں روس مخالف فورسز کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کے پاس فوجی مہم کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا تھا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ میں روسی فوجیوں پر جنسی زیادتیوں کے شواہد بڑھ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں روس کے سفیر دیمتری پولیانسکی نے ان الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا یوکرین اور اس کے اتحادی پروپیگنڈا کرتے ہوئے روسی فوجیوں کو ’بدمعاش اور ریپسٹ‘ کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔ یوکرین جنگ کے باعث امریکہ میں گزشتہ بارہ ماہ کے دوران افراط زر کی شرح ریکارڈ 7.9 فیصد تک بڑھ گئی۔ گزشتہ چالیس برسوں میں ہونے والی یہ سب سے زیادہ مہنگائی ہے ۔