لاہور؍اسلام آباد(نیوز رپورٹر؍سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار)وزیر اعظم عمران خان نے وزارت ریلویز کو ہدایت کی ہے کہ ریلویز کی اربوں روپے کی قیمتی اراضی کو تجاوزات مافیا سے وگزار کرانے اور بہتر ریونیو حاصل کرنے کے لئے 15 دنوں میں جامع پلان تیار کرکے آگاہ کریں ۔وزیر اعظم نے وزارت ریلویز کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں وزیر ریلویز شیخ رشید ،وفاقی سیکرٹری ریلویز جاوید انور بوبک و دیگر شریک ہوئے ۔سیکرٹری ریلوے نے وزیر اعظم عمران خان کو ریلویز کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم پاکستان ریلو ے کی دو نئی ٹرینوں راولپنڈی ایکسپریس اور میانوالی ریل کارکا افتتاح آج کریں گے ۔راولپنڈی ایکسپریس، لاہور اور راولپنڈی سٹیشن سے بیک وقت رات 8بجے روانہ ہوگی۔ دونوں نئی ٹرینوں میں پہلے روز عوام کو50فیصد کرایوں میں رعایت ہوگی۔علاوہ ازیں اداراہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں بلائے گئے آج کے اجلاس میں پاکستان پوسٹل سروسز کے 12 افسران شرکت کریں گے ۔مزید برآں وزیراعظم آج وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وفاقی بیوروکریسی سے خطاب کرینگے ۔