لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون میں بھی کھلاڑی کو گیند لگنے پر نئے قانون کن کشن کا استعمال سامنے آ گیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ اور سینٹرل پنجاب کے میچ میں سندھ کے بلے باز احسن علی گیند لگنے سے ان فٹ ہوگئے ۔ احسن علی 51 رنز پر کھیل رہے تھے کہ انہیں سینٹرل پنجاب کے باولر بلاول اقبال کا گیندسر پر لگ گیا جس پر انہیں چکر آ نے لگے ۔ احسن علی کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی اور اب وہ دو روز تک ڈاکٹر کی زیر نگرانی رہیں گے ۔نئے کن کشن قانون کو عمل میں لاتے ہوئے احسن علی کی جگہ پرسید فراز علی کو سندھ کی 11 رکنی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ۔ یاد رہے کہ حالیہ سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں بلے باز عثمان صلاح الدین کوسر میں گیند لگنے پر بھی کن کشن کے قانون پر عمل کیا گیا تھا۔