اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ نے ڈڈھوچہ ڈیم سے متعلق پنجاب حکومت کی رپورٹ تمام فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کو جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔دوران سماعت حکومت پنجاب نے ڈھڈوچہ ڈیم کے لیے اضافی زمین کی خریداری کے بارے میں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کردی جس میں کہا گیا ہے کہ زمین مالکان کے مقدمہ بازی کے باعث ڈیم کی تعمیر میں مشکلات کا سامنا ہے ۔رپورٹ کے مطابق اضافی زمین حاصل کرنے کیلئے 1773 ملین روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں لیکن مختلف مشکلات کی وجہ سے ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر کا آغاز تاحال نہیں ہو سکا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن مشکلات کا سامنا ہے ان میں زمین مالکان کی مقدمہ بازی اور ڈیم کی تعمیر کی نوعیت کا معاملہ شامل ہے ۔ ڈیم کے قریب کسی بھی قسم کی تعمیرات پر پابندی لگا دی گئی ہے اورڈیم کے گردونواح کی زمینوں کے مالکان کو تعمیرات سے روکنے کے نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعدرپورٹ فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔