نئی دہلی( 92 نیوز رپورٹ) سابق بھارتی وزیر خزانہ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی طویل علالت کے بعد نئی دہلی کے مقامی ہسپتا ل میں انتقال کرگئے ، ان کی عمر 66 برس تھی۔ارون جیٹلی کو کچھ روز سانس لینے میں تکلیف کے باعث ہسپتا ل لایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران ان کی حالت بہتر بتائی گئی تاہم ایک بار پھر ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ انتقال کر گئے ۔2019 کے بھارتی انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت ملنے کے بعد ارون جیٹلی نے وزارت لینے سے معذرت کی تھی جسے وزیراعظم نرنیدر مودی نے قبول کرلیا تھا۔واضح رہے کہ ارون جیٹلی کی پیدائش 28 دسمبر1952 کونئی دہلی کے نارائن وہارعلاقے کے مشہوروکیل مہاراج کشن جیٹلی کے گھرہوئی، انہوں نے نئی دہلی کے سینٹ جیویئراسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔شری رام کالج آف کامرس سے ارون جیٹلی نے سال 1973 میں گریجویشن کیا،انہوں نے پڑھائی کے دوران سیاست میں بھی حصہ لیا اور 1974 میں دہلی یونیورسٹی کے طلبہ یونین کے صدر منتخب ہوئے ۔