کرائسٹ چرچ (این این آئی) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مسجد النور کے احاطے میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی یادگار پر تختی کی نقاب کشائی کی ۔ تفصیل کے مطابق سانحہ کراسٹ چرچ کے شہدا کی یاد گار پر پتھر سے بنی سیاہ رنگ کی تختی پر سنہرے رنگ میں تحریر کی گئی جبکہ دعا مانگتے ہوئے ہاتھوں کی تصاویر کیساتھ قرآنی آیات بھی لکھی گئی ہیں ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے تختی کی نقاب کشائی کی تقریب پہلے دو دفعہ ملتوی ہوچکی تھی ۔ گزشتہ روزمسجد النور کے امام جمال فودا سمیت مسلم ایسوسی ایشن آف کنٹربری کے عہدیداروں اور بڑی تعداد میں مسلم کمیونٹی کے افراد نے کیوی وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے نقاب کشائی کے موقع پر یادگار پر پھول رکھے اورگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں ہونیوالے نقصان کو کسی بھی طرح پورا نہیں کیا جا سکتا ۔تاہم واقعہ میں زندہ بچ جانیوالوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ، یہ یادگار ہمیں 15 مارچ کے سانحہ کی یاد دلاتی رہیگی ۔ مسجد النور کے امام جمال فودا نے کہا کہ مسجد پر فائرنگ ہماری زندگی کا سب سے مشکل لمحہ تھا ،کسی نے سوچا بھی نہیں ہو گا کہ ایسا خوفناک واقعہ نیوزی لینڈ میں ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اظہار خیال اور نفرت انگیز تقریر میں فرق کرنے کیلئے ایک نیا قانون بنایا جائے ۔