مکرمی ! انسانی آنکھ نے معصوم کلیوں کے خلاف ایسی جنگ شاید ہی پہلے دیکھی ہو جس میں کرہ ارض میں رہنے والے تمام فرعون اکٹھے ہو چکے ہیں ۔ کوئی براہ راست حملے کررہاہے ، کوئی اتحادی بن کر مدد کر رہا ہے توکوئی بالواسطہ کردار ادا کر کے معصوم کلیوںکی نسل کشی میں حصہ ڈال رہا ہے۔ ابلیس کے پیروکاروں نے رعونیت بھرے انداز میں جنگ بندی کی تمام اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ اللہ کی زمین پر یہ کیسی جنگ ہے ؟جو بے گناہ بچوں کے خلاف لڑی جارہی ہے، جہاں ملعون یہودیوں نے ابلیس کے رفقاء کے ساتھ مل کر 4000 سے زائد نہتے بچوں کے چیتھڑے اڑا دیئے جبکہ 1100 مائوں کے لخت جگر منوں ٹن ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔ ان کی سسکتی ، تڑپتی زندہ لاشوں کی حالت کا کوئی اندازہ لگا سکتا ہے؟ 7000 نوعمر ہسپتال کی راہداریوں میں شدید زخمی حالت میںموت وحیات کی کشمکش میں ہیں ۔ان میں سے اکثریت کی شہادت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود بربریت و وحشت کا یہ دجالی کھیل رکا نہیں بلکہ پوری شدت سے جاری ہے۔ جہاں ہر پانچ منٹ بعد مسلم بچہ فرعونی نسل پرستی کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے۔ (ولید ملک)