صنعاء (این این آئی)سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی گولہ باری سے 5شہری زخمی اور 3گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔سعودی شہری جازان کو نشانہ بنایا گیا ،یمن نے کہا ہے کہ ایران بندرگاہوں کو سعودیہ پرحملوں کیلئے استعمال کر رہا ہے ،ایک گروہ پکڑ لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر گولہ باری کے نتیجے میں کم سے کم پانچ سعودی شہری زخمی ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثی ملیشیا نے یمن کے اندر سے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان میں گولہ باری کی۔جازان میں الحرث کے مقام پر گولہ گرنے سے کم سے کم پانچ شہری معمولی زخمی ہو گئے ۔ گولہ باری سے تین گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا ۔جازان میں شہری دفاع کے ڈائریکٹر برائے اطلاعات کرنل محمد بن یحیی الغامدی نے ایک بیان بتایا کہ حوثیوں کی گولہ باری کے نتیجے میں شہری آبادی کو جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے ۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کے علاقے الحرث پر گولہ باری کی یہ گولے رہائشی عمارتوں اور ان میں کھڑی گاڑیوں پر گرے جس کے نتیجے میں 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، علاقہ مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔