ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے حکام نے کہاہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے قریبی عزیزوں کے لیے عمرہ ویزہ جاری کرسکیں گے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت حج عمرہ کے سیکرٹری برائے عمرہ ڈاکٹر عبد العزیز وزان نے بتایاکہ جلد ہی نافذ ہونے والے نئے قانون کے مطابق سعودی شہریوں سمیت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکی اپنے 3 سے 5 رشتہ داروں کے لیے عمرہ ویزہ جاری کرا سکیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ شہری اور غیر ملکی سال میں 3 مرتبہ اپنے عزیزوں کو عمرہ کے لیے سعودی عرب بلا سکیں گے ،ڈاکٹر عبد العزیز وزان کے مطابق وزارت نے نیا قانون منظور کر لیا ہے جس پر بہت جلد عملدرآمد ہوگا۔ اس قانون کی شرائط کے تحت رشتے دار قریبی ہونے چاہئیں،بلانے والا جن رشتہ داروں کو عمرہ ویزے پر بلائے گا ان کی مکمل میزبانی کا ذمہ دار ہوگا جبکہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے ان کی وطن واپسی کی بھی ذمہ داری لے گا۔