مکرمی ! معاشی ترقی کے لیے سماجی انصاف بہت اہمیت رکھتا ہے، تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں اقوام نے ترقی اس وقت کی جب انہوں نے اپنے شہریوں کو ہر شعبۂ زندگی میں مساوی مواقع فراہم کئے ۔ اور اگر ریاست اپنے شہریوں کو بنیادی سہولیات مثلاً صحت، تعلیم، رہائش دینے میں ناکام ر ہے تو اس کا لازمی نتیجہ معاشرتی بے اطمنانی ، لاقانونیت، مایوسی، معاشی بد حالی اور ترقی کی نمومیں نمایاں سست روی کی صورت نکلتا ہے ۔ جب معاشرے میں لوگوں کو انصاف کے یکساں مواقع نہیں ملتے تو معاشرے میں غربت، کرپشن اور جرائم میں اضافہ ہوتا ہے ، اور لوگ جنگ و جدل کی طرف مائل ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جس کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ یہاں پرسماجی انصاف کی حالت کچھ زیادہ بہترنہیںبنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ رول آف لا انڈیکس میں دنیا کے 126ممالک میں پاکستان 118ویں نمبر پر ہے جبکہ انسانی ترقی کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا نمبر 154واں ہے (اس انڈیکس میں کل 189ممالک شامل ہیں)۔ حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے باوجود معاشرے میں روز بروز بڑھتے جرائم، چوریاں، ڈکیتیاں ،رسہ گیری اور رہزنی کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں ۔ جبکہ معاشرے کی درست تشکیل و تعمیر کے لیے سماجی انصاف بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ( رانا اعجاز حسین چوہان، ملتان)