اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ کا امیدوار نامزد کر دیا۔نو منتخب سینیٹرز 12 مارچ کو حلف اٹھائیں گے اور اسی روز چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا چناؤ بھی ہو گا۔موجودہ سینٹ کا الوداعی اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے نومنتخب سینیٹریوسف رضاگیلانی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی اور کامیابی پر مبارکباد دی۔ملاقات کے بعدگفتگوکرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہاجب وزیراعظم نے نامزدکیاتوسراج الحق سے رابطہ قائم کیا،میں نے یوسف رضاگیلانی کے ساتھ 4سال کام کیا،نیشنل پارٹی اوربی این پی مینگل کی قیادت سے بھی رابطہ کیاہے ،عمرمیں چھوٹاہونے کے ناطے سب کے پاس جاؤں گااورووٹ کامطالبہ کروں گا۔ صادق سنجرانی نے جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق سے بھی ملاقات کی اور حمایت مانگی۔ صادق سنجرانی نے نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر کبیر محمدشاہی سے بھی ملاقات جس میں سینیٹرکامل علی آغا، مرزامحمدآفریدی، سجاد طوری و دیگر بھی شریک ہوئے ۔صادق سنجرانی نے نیشنل پارٹی سے حمایت مانگ لی جس پر نیشنل پارٹی نے پارٹی قیادت سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔مزیدبرآں صادق سنجرانی نے مسلم لیگ(ق) کے صدر چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کہا کہ چیئرمین سینٹ کے الیکشن کیلئے آپ کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔صادق سنجرانی نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماخالدمقبول سے بھی رابطہ کیا۔ خالدمقبول صدیقی نے بطور اتحادی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔