اسلام آباد ،لاہور(نیوز ایجنسیاں ،نیٹ نیوز)ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں قاسم سوری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے قاسم سوری بننے سے انکار کردیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ میں آئین سے غداری کا مرتکب نہیں ہوسکتا، عمران خان مجھ پر چاہے غداری کا لیبل لگادیں۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے ٹویٹ پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے شدید ردعمل دیا انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آپ قاسم خان سوری بن بھی نہیں سکتے کیونکہ قاسم خان سوری بننے کے لیے خون میں وفا، بہادری، جذبہ، دھرتی ماں سے محبت، غلامی سے نفرت، ذہنی آزادی، زندہ ضمیر چاہیے ہوتاہے ،آپ نے ووٹ اور ڈپٹی سپیکر شپ عمران خان کے نام پر لی اور ضمیر فرنگیوں کے غلاموں کو بیچ دیا،آپ ضمیر فروش اور غلام ہیں جبکہ قاسم سوری نے دوست محمد مزاری کو لفظی جنگ کے نتیجے میں بلاک کردیا۔دوست مزاری نے ٹوئٹر پر قاسم سوری کی ٹائم لائن کا سکرین شاٹ شیئر کیا جس میں انہیں بلاک دیکھا جاسکتا ہے ۔تصویر شیئر کرتے ہوئے دوست مزاری نے ایموجی کا اضافہ کیا اور ساتھ یہ ہے سوری لکھا۔ قاسم خان سوری نے بھی معروف ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا لیا۔قاسم خان سوری نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کی اطلاع ٹویٹ کے ذریعے دی۔