اسلام آباد (خبرنگار ) سپریم کورٹ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظرقیدیوں کی رہائی کے بارے معاملے پر کل سماعت کرے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 408 قیدیوں کی رہائی کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ پیر 30 مارچ کو صبح ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف راجہ محمد ندیم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔دریں اثنا سنگین نوعیت کی نفسیاتی بیمار سزائے موت کے قیدیوں کے معاملے پر سماعت کے لئے قائم بنچ ڈی لسٹ کردیا گیا ہے ۔جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود،جسٹس اعجاز الاحسن،جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل پانچ رکنی لاجر بنچ کے روبرو ذہنی بیمار سزائے موت کے قیدیوں کا مقدمہ تیس مارچ کو سماعت کے لئے مقرر تھا لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کیس پر سماعت ملتوی کردی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ سماعت