اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمیٰ نے تربیلا ڈیم متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی اور متبادل زمین دینے کے بارے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے واپڈا کی اپیل خارج کردی ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تربیلا متاثرین کو متبادل زمین دینے کے 60سالہ پرانے تنازع کاکیس واپڈا کی طرف سے اپیل واپس لینے پر نمٹادیا۔جسٹس عمر عطا بندیال نے واپڈا کے وکیل سے مکالمہ کر تے ہوئے کہا کہ پالیسی کے مطابق تربیلا ڈیم متاثرین کو متبادل زمین نہیں ملی،206 متاثرین کو دینے کے لیے کتنی زمین درکار ہے ، جس پر واپڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متاثرین کو دینے کے لیے 5000 ہزار ایکڑ زمین درکار ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ واپڈا راستہ نکالے اور متاثرین کی تلافی کرے ۔سپریم کورٹ نے ریلوے رائل پام گالف کلب کیس میں سیکرٹری ریلوے کو کلب کے ٹینڈرز کے لیے اشتہار جاری کرنے کاحکم دیدیا ہے جبکہ نجی آڈٹ فرم کو دو ہفتوں میں کلب کا 2017 کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔سپریم کورٹ کے دورکنی بنچ نے کوہاٹ میں ساڑھے تین کلو چرس سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم محمد ثاقب کی درخواست ضمانت منظوراور دو لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا ۔دوران سماعت عدالت نے کیس میں سقم چھوڑنے پر استغاثہ پر برہمی کا اظہار کیا اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریما رکس دیئے کہ پراسکیوشن کی خامیوں کی وجہ سے بے گناہوں کو سزا اور اصل ملزمان بری ہوجاتے ہیں،ستغاثہ کی خامیاں کوئی نہیں دیکھتا سب کو شکایت عدالت سے ہوتی ہے ۔پولیس ایسی ناکہ بندی کے دوران ملزمان کی ویڈیو کیوں نہیں بناتی؟ کل کوئی ملزم انکار کردے کہ میں جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھا تو کیا ہوگا۔عدالت عظمیٰ نے بینک کھاتہ دار کے ورثا کو انشورنس کی رقم کی ادئیگی کا حکم دیا ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 22لاکھ 50ہزار روپیہ کھاتہ دار کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے انشورنس کی ادائیگی کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل متاثرہ بینک کی طرف سے واپس لینے پر خارج کردی ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا لگتا ہے صارفین کو لائف انشورنس کی سہولت دیکر بینک کو غلطی کا احساس ہوا، بہتر یہی ہے کہ بینک مرحومہ اللہ بچائی کے ورثا کو انشورنس کی رقم ادا کردے ۔یوریا کھاد کی درآمد میں مبینہ خورد برد کے ملزم عمر ا ن محسن کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب کی ضمانت منسوخی کی اپیل کی سماعت ملتوی کردی۔