اسلام آباد (خبر نگار)عدالت عظمیٰ نے سرکاری مقدمات میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے زائد المیعاد اپیلیں دائر کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے چیف سیکرٹری کو طلب کر لیا ۔بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے سرکاری ملازمین کی سروس اور پنشن سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران زائد المیعاد اپیلیں دائر کرنے کا نوٹس لیا اور وضاحت کیلئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو طلب کرلیا۔عدالت نے قرار دیا کہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا خود پیش ہو کر زائد المیعاد اپیلیں دائر کرنے کی وضاحت دیں اور اس ضمن میں رپورٹ پیش کریں۔ کیس پر سماعت ہوئی تو چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایڈووکیٹ جنرل صاحب آپ غیر قانونی طریقے سے اپیلیں منظور کرانا چاہتے ہیں،غلط کاموں پر سپریم کورٹ سے مہر لگوانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔چیف جسٹس نے کہا خیبرپختونخوا سے تواتر کیساتھ زائد المیعاد اپیلیں دائر ہورہی ہیں،چیف سیکرٹری کے پی کے کو بلائیں ان سے وضاحت لیں گے ۔ایڈوکیٹ جنرل نے موقف اپنایا کہ کورونا وائرس کیوجہ سے کچھ اپیلیں دائر کرنے میں تاخیر ہوئی ۔ تاہم عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔