کراچی (سپورٹس رپورٹر) سابق صوبائی وزیر کھیل اور صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقدار کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی کا یہی نتیجہ نکلنا تھا ،مصباح الحق کو بیک وقت دہری ذمہ داری دینا پاکستان کرکٹ بورڈ کا غیر دانشمندانہ فیصلہ ثابت ہو رہا ہے ،آسٹریلیا جیسی مظبوط ٹیم کے خلاف سینئر اور تجربہ کار پلیرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہ کرنا سلیکشن کمیٹی کی فاش غلطی تھی ۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان کو مسلسل ناکامی کے بعد بھی کافی چانس دیئے گئے جو سمجھ سے بالاتر ہے ،سابق کپتان سرفراز احمد ایک سیریز میں بیٹنگ میں ناکامی پر ٹیم سے فارغ کر ریئے گئے لیکن فخر زمان مسلسل ناکامی کے بعد بھی دوسرے ٹی ٹوئنٹی تک ٹیم کا حصہ رہے ،اس سے سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی جانبداری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ سندھ ٹیم نے حالیہ انڈر نانٹین قومی ٹورنامنٹ جیت کر یہ ثابت کردیا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں بہت ٹیلنٹ ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ کو چا ہیے کہ شرجیل خان کو فوری ٹیم میں شامل کرنے کیلئے جو بھی لیگل ضروریات ہیں انہیں جلد از جلد پورا کرکے ٹیم میں شامل کرے ، بحیثیت اوپنر وہ ٹیم کیلئے بہت سودمند ثابت ہوں گے خصوصاً ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس کی ٹیم میں شمولیت اہم ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کیلئے ابھی سے پی سی بی کو متوازن ٹیم کی تشکیل کیلئے اقدام اٹھانا ہوں گے ۔