لاہور (نامہ نگار خصوصی) سینما گھروں سے تفریحی ٹیکس وصول نہ کرنے پر دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا اور لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی ہے شہری محمد حسین نے شہباز اکمل جندران ایڈووکیٹ کی وساطت سے اپیل دائر کی جس میں لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے اپیل کنندہ کے مطابق ایکسائز ہر سینما گھر سے روزانہ ٹیکس وصول کرنے کا پابند ہے لیکن تفریحی ٹیکس کی عدم وصولی سے قومی خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ نے موقف سنے بغیر درخواست تکنکی بنیاد پر مسترد کر دی۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ٹیکس وصولی کا حکم دیا جائے ۔