مکر می !ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک احمد پور سیال کا دفتر تحصیل ہیڈ کوارٹر سے گڑھ موڑ منتقل کردیا گیاجس کی وجہ سے مویشی پال حضرات کے لیے شدید مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔ مویشی پال حضرات نے مذکورہ دفتر کی گڑھ موڑ منتقلی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل سطح کے دفتر کو اسی تحصیل کے ایک چھوٹے سے قصبے میں شفٹ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ہر محکمے سے متعلقہ ڈپٹی آفیسرز کے دفاتر تحصیل ہیڈ کوارٹر احمد پور سیال میں موجود ہیں تو ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک احمد پور سیال کے دفتر کو گڑھ موڑ کیوں منتقل کیا گیا۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرلائیو سٹاک نے اپنی سہولت کے لیے اس دفتر کو اپنے گھر کے قریب منتقل کرکے اپنے لیے آسانیاں اور ڈھور ڈنگر پالنے والے حضرات کے لیے پریشانیاں پیدا کردی ہیں یہی وجہ ہے کہ اس اقدام کی وجہ سے اس محکمے سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے احمد پور سیال کے مویشی پال حضرات کو گڑھ موڑ کے دھکے کھانا پڑیں گے جس سے پیسے اور وقت کا ضیاع ہوگا۔پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی اضافہ کیا ہوا ہے۔غریب آدمی دیگر اخراجات تو دور کی بات گڑھ موڑ آنے جانے کا کرایہ بھی نہیں برداشت کرسکتا۔ شہریوں نے سیکرٹری محکمہ لائیو سٹاک پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے فی الفور مذکورہ آفس کو واپس تحصیل ہیڈ کوارٹر احمد پور سیال میں شفٹ کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کی اس دفتر تک باآسانی رسائی ہوسکے۔ ( سیف اللہ صد یقی ، احمد پور سیال)