کراچی(سپورٹس ڈیسک) بھارت کی پاکستان دشمنی کھیلوں پر بھی اثر انداز ہوگئی، پاکستان کو عالمی شوٹنگ کپ میں شرکت سے محروم کر دیا۔پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی ویزے دینے سے انکار کردیاگیا،عالمی کپ 21 مارچ سے دہلی میں ہونا ہے ،پاکستانی ٹیم کوروانگی سے ایک ہفتہ قبل ایر لائن سے سیکوریٹی کلیرنس لینا تھی،عالمی کپ کو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کا بھی درجہ حاصل ہے ۔پاکستان نے ریپڈ فائر ایونٹ میں شرکت کرنا تھی،جی ایم بشیر اور خلیل اختر نے پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی،رضی احمد خان نے بطور کوچ و منیجر ہمراہ جانا تھا،پاکستان کے اولمپک کوٹہ جیتنے کا امکان تھا۔نیشنل ایسوسی ایشن آف شوٹنگ کے سیکریٹری رضی احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دو ماہ قبل بھارتی ویزے کے لیے رجوع کیا تھا،اس حوالے سے بار بار یاد دہانی بھی کرائی گئی۔اب پاکستان انٹرنیشنل شوٹنگ ایسوسی ایشن سے رجوع کرے گا،پاکستان کوعالمی تنظیم سے انصاف کی امید ہے ۔