شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)نومنتخب رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا کہ حلقہ کے عوام نے ان کو تیسری بار منتخب کرکے ثابت کردیا ہے کہ شیخوپورہ آج بھی نواز شریف کا مضبوط قلعہ ہے ہم نے گزشتہ 10 سالوں کے دوران جس طرح شہر کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا انتھک کردارادا کیا عوام نے کامیابی کی شکل میں جو ایوارڈ دیا ہے وہ میرے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے ، عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر شہر کے مستقبل کے لیے ٹیم ورک کے طور پر کام کیا جائیگا ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی کامیابی کے بعد اپنی اقامت گاہ پر مبارکباد دینے کیلئے آنیوالوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف ،میاں منور لطیف ، میاں اعجاز احمد ،میاں محمدپرویز ، ملک پرویز اقبال سمیت دیگر موجودتھے ۔انہوں نے کہاکہ عوامی عدالت نے جو فیصلہ دیا ہے وہ نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کامظہر اورانکے بیانہ کی تائید کرتا ہے بعض حلقوں میں نواز لیگ کو شدید تحفظات ہیں جن کو دور کرنا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے نواز لیگ نے تمام تر سازشوں کے باوجود جو کامیابی حاصل کی ہے یہ دراصل ووٹ کو عزت دو اور خدمت کو ووٹ دو کا صلہ ہے ۔