میلبورن(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے سابق لیجنڈ لیگ سپنر شین وارن کی یاد میں میلبورن کرکٹ سٹیڈیم میں ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی ۔ شین وارن 3 ہفتے قبل 52 سال کی عمر میں تھائی لینڈ میں چھٹیوں کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔تقریب میں شین کے والد کیتھ وارن نے اپنے تعزیتی پیغام میں اپنے آنجہانی بیٹے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دوست! تمہاری والدہ اور میں تمہارے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے ، تم بہت جلد چلے گئے اور ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں۔ڈان بریڈمین کی پوتی گریٹا بریڈمین نے شین وارن کی یاد میں منعقدہ تقریب میں آسٹریلیا کا قومی ترانہ پڑھا۔ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ برائن لارا، ایڈم گلگرسٹ بھی تقریب میں شریک تھے جبکہ پاکستان کے وسیم اکرم اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے تقریب سے ورچوئل خطاب کیا ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ لیجنڈآسٹریلوی سپنر دنیا کے مشکل ترین بائولر بہترین تھے ۔ میچ ونر آسٹریلوی کھلاڑی کے کارنامے ہمیشہ یاد رہیں گے ۔ تقریب میں میلبورن سٹیڈیم کا ایک سٹینڈ آنجہانی سپنر شین وارن کے نام سے منسوب کیا گیا ۔