اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت عارف علوی نے بینکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف دو الگ الگ بینکوں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بینک صارفین کو گمشدہ رقم واپس کرنے کا حکم دیا اور بینکوں کی جانب سے صارفین کوغیر ضروری قانونی چارہ جوئی میں گھسیٹنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔گزشتہ روزایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے گورنر ہائوس کراچی میں مقدمات کی سماعت کے دوران بینک صارفین کی شکایات کے ازالے میں لاپروائی پر کمرشل بینکوں کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی قوم ہے اور وہ اپنے اداروں کا قیمتی وقت ضائع کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی، حیرت ہے کہ معمول کے معاملات کو فضول حد تک طول دیاگیا، 5 ہزار روپے کے معاملات برسوں لٹکائے گئے ۔ دریں صدر عارف علوی نے 8 مارچ کو ضلع سبی میں خودکش حملے اور 21 مارچ کو باجوڑ حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں حوالدار عبدالطیف ، نائیک وحید اللہ ، سپاہی عبدالجمال، سپاہی سبطین حیدر،سپاہی کامران خان اور نائب صوبیدار اشتیاق احمد کے ورثائسے ٹیلی فونک رابطہ کرکے شہدائکی عظیم قربانی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ گزشتہ روز ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور شہدائکے بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت کی ۔ دریں اثناصدرعارف علوی نے این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں مارچ 2017ء سے سینٹ کا اجلاس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینٹ ارکان کی تعیناتی میں مزید کوئی تاخیر نہ برتی جائے ۔