اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر،خبر نگار خصو صی،سٹاف رپورٹر، نیٹ نیوز، 92 نیوز رپورٹ،این این آئی) عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر مزید براجمان رہیں گے یا نہیں ،فیصلہ (آج)ہوجائے گا، عمران خان نے ارکان سمیت اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہوگی اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا ۔ قومی اسمبلی کے آج ہونیوالے اجلاس کا6نکاتی ایجنڈا جاری کردیاگیا،وقفہ سوالات قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے ،6نکاتی ایجنڈے میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی قرارداد بھی شامل ہے ۔اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کیلئے 172 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ ووٹنگ ڈویژن کے ذریعے ہو گی اور اس میں صرف اپوزیشن اراکین ہی ووٹ ڈالیں گے ، سپیکر نتیجے کا اعلان کریں گے ۔دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کے خلاف حکومت نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے ، وزیراعظم عمران خان بھی آج اپنے ارکان اسمبلی سمیت قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ علاوا زیں قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پراسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی، ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی، فیصلہ امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے پر کیا گیا۔اسلام آباد پولیس کے مطابق ریڈ زون جانے والے راستوں پر کنٹینر لگا دئیے گئے ، آج ریڈ زون میں صرف پارلیمینٹرینز کو داخلے کی اجازت ہو گی ، مجموعی طور پر 10 ہزار اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کر دئیے گے ، جس میں رینجرز اور ایف سی کے اہلکار بھی شامل ہیں ،وفاقی وزارت داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ، اہم تنصیبات پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں ۔