اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران بینک ڈیپارٹس سے حاصل منافع پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں21.6 ارب روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں،اس طرح بینک میں جمع کرائی گئی رقوم سے حاصل نفع پرودہولڈنگ ٹیکس وصولیوں کی شرح میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران 204 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر2019 کے دوران بینک ڈیپارٹس سے حاصل منافع پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں21.6 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں ہیں ۔گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبرکے دوران ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 7.1ارب روپے وصول ہوئے تھے ،اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے دوران بینکوں میں جمع رقوم سے حاصل منافع پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس وصولی میں 14.5ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔