لندن(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ2019ء کا فاتح کون؟ فیصلہ آج ہوگا،میزبان ٹیم انگلینڈ کے فائنل میں پہنچنے پر شائقین کی دلچسپی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ، ٹکٹس کی طلب بھی بے حد بڑھ گئی ، غیر سرکاری ری سیل پلیٹ فارمز پر فروخت شروع ، کئی ٹکٹس کی قیمت ایک ہزار پائونڈ سے تجاوز کرچکی، بعض ٹکٹس 5ہزار پائونڈز سے زائد ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے سربراہان نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لارڈز کے مقام پر آج اتوار کو فائنل میچ میں شرکت کے خواہاں مداحوں کو خبردارکیا ہے کہ وہ سکینڈری ٹکٹ ویب سائٹس پر ہزاروں پائونڈزکی ادائیگی سے ہوشیار رہیں ۔انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے جہاں وہ اپنا پہلا عالمی پچاس اوورز کا ٹائٹل جیتنے کے خواہاں ہیں ۔میزبان ملک کی جانب سے تاریخ رقم کرنے کے پہلو کو لے کر میچ دیکھنے کے لئے ٹکٹس کی طلب بے حد بڑھ چکی ہے ، بعض لوگوں نے غیر سرکاری ری سیل پلیٹ فارمز پر فروخت شروع کردی ہے ، کئی ٹکٹس کی قیمت ایک ہزار پائونڈ(1250ڈالر) سے تجاوز کرچکی ہے اور بعض ٹکٹس 5ہزار پائونڈز سے زائد ہو چکے ہیں ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے موقف کو دہرایا ہے کہ وہ سرگرم انداز میں مانیٹر کررہی ہے اور سکینڈری پلیٹ فارمز پر ٹکٹس فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔کرکٹ کی گورننگ باڈی نے خبردار کیا ہے کہ سکینڈری سائٹس پر فروخت دیکھی گئی تو اکائونٹس اور ٹکٹس کو منسوخ کیا جاسکتا ہے اور یہ کہ شائقین صرف باضابطہ ری سیل سائٹ کے ذریعے ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔