بغداد(این این آئی)عراق میں پاسداران انقلاب نے امریکی قونصلیٹ اور اسرائیلی خفیہ فوجی اڈے سمیت کرد ٹی وی چینل کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا ۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اسرائیل سے بدلہ لیا ،میڈیارپورٹس کے مطابق عراق کے سکیورٹی حکام نے امریکی قونصلیٹ اور کرد ٹی وی کی عمارت کو میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی ۔عراق نے ایرانی سفیر ایراج مسجدی کو طلب کر کے میزائل حملوں پر سخت احتجاج کیا۔امریکا کی وزارتِ دفاع کے ایک عہدیدار نے الزام عائد کیا کہ حملہ پڑوسی ملک ایران سے کیا گیا ہے تاہم میزائل حملے سے ہونے والے نقصان پر عراقی اور امریکی حکام کے بیانات مختلف ہیں۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق نہ ہی قونصلیٹ کو نقصان پہنچا اور نہ وہاں کوئی زخمی ہوا جبکہ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ قونصلیٹ پر کئی میزائل گرے ہیں۔شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ فی الوقت یہ بات یقینی طور پر نہیں کہی جا سکتی کہ کتنے میزائل داغے گئے اور ان میں سے کتنے قونصلیٹ پر گرے ۔عراق کے سکیورٹی حکام کے مطابق قونصلیٹ پر حملہ آدھی رات کے بعد کیا گیا اور علاقے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔ایک عراقی عہدیدار نے کہا کہ ایران سے کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے۔