بیجنگ (اے پی پی)پاکستان اور چین نے باہمی معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق اور کثیر جہتی سٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کیلئے پاک۔چین کمیونٹی کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چین اور پاکستان کے علاقائی روابط اور افغانستان میں امن و استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے اوربھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمہ کیلئے عالمی برادری کی جانب سے فوری اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان باہمی طور پر طے شدہ صنعتی، تجارتی، صحت، ڈیجیٹل اور گرین کوریڈورز کے ذریعے سی پیک کی معیاری ترقی کیلئے پرعزم ہے ۔وزیر اعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم نے چینی صدرکی جانب سے سربراہان مملکت کے اعزازمیں دیئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔وزیراعظم آج چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات کرینگے ۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ کا کورونا اومیکرون ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔