نیویارک(نیٹ نیوز) پاکستا نی گلوکار علی سیٹھی اب نیویارک کے معروف اور سب سے مصروف علاقے ٹائمز سکوائر کی بڑی سکرینوں پر نظر آئیں گے ،نیویارک ٹائمز سکوائر کی بڑی بڑی سکرینوں پر بھاری معاوضے کے عوض اشتہارات وغیرہ چلائے جاتے ہیں،علی سیٹھی یہاں پر نصب سکرینوں پر 15 دسمبر سے 21 دسمبر تک نظر آئیں گے ۔بین الاقوامی فنکاروں کے اشتراک سے پلٹزر پرائز حاصل کرنے والی کمپوزر ڈن یون کی ویڈیو میں علی سیٹھی بھی نظر آئیں گے ۔علی سیٹھی 15 دسمبر سے روزانہ دن میں دو مرتبہ سکرینوں پر نظر آئیں گے جب کہ 16 دسمبر کو گلوکار 16 مرتبہ اِن سکرینوں کی رونق بڑھائیں گے ،علی سیٹھی نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بتایا کہ میں ان سکرینوں پر نمائش کا حصہ بننے میں بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں، میں ہمیشہ سے ہی موسیقی کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں، موسیقی کی طاقت لوگو ں کے دل جیتنے اور دماغ بدلنے کی طاقت رکھتی ہے اور میں اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے پر بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں، علی سیٹھی نجم سیٹھی کے بیٹے ہیں۔